اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری،مزید84فلسطینی شہید

اسرائیلی بمباری سے غزہ میں مزید 84 فلسطینی شہید، 24 گھنٹوں میں شہداء کی تعداد 130 تک جا پہنچی

غزہ میں اسرائیلی فوج کے جاری وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں مزید 84 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں امداد کے منتظر 73 افراد بھی شامل ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران شہداء کی مجموعی تعداد 130 تک جا پہنچی ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں میں درجنوں فلسطینی زخمی بھی ہوئے، جبکہ صرف ایک دن میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ سٹی کے الشفاء اسپتال میں غذائی قلت کے باعث مزید دو فلسطینی، جن میں ایک صرف 35 روز کا شیر خوار بچہ بھی شامل ہے، دم توڑ گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 73 ایسے فلسطینی شہید ہوئے جو انسانی امداد کے منتظر تھے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 495 تک جا پہنچی ہے۔ مئی سے لے کر اب تک امدادی سامان لینے کی کوشش میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر چکی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک مجموعی طور پر 58,895 فلسطینی شہید اور 1,40,980 زخمی ہو چکے ہیں۔

Back to top button