غرہ میں اسرائیل کاحملہ،10 بچوں سمیت 15 فلسطینی شہید

اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 15 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔ یہ حملہ غزہ کے وسطی علاقے دیر البلح میں کیا گیا، جہاں ایک میڈیکل پوائنٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق یہ میڈیکل پوائنٹ بچوں اور خواتین کو غذائی اور طبی امداد فراہم کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے شہریوں، خواتین اور بچوں کے خلاف منظم قتل عام کی پالیسی کا عکاس ہے۔
میڈیا آفس کے مطابق، اسرائیلی بمباری کے ذریعے رہائشی علاقوں، بازاروں اور بنیادی سہولیات کو بھی بے دریغ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شہدائے الاقصیٰ ہسپتال سے موصولہ ویڈیوز میں فرش پر بچوں کی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں، جب کہ طبی عملہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ حماس کے ایک جنگجو کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ فوج نے شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 82 افراد شہید اور 247 زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 57,762 فلسطینی شہید جبکہ 137,656 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
