غزہ میں اسرائیلی حملے شرم الشیخ امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں : دفتر خارجہ

 

 

 

پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے حالیہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور حال ہی میں شرم الشیخ میں طے پانے والے امن معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہےکہ اسرائیلی حملوں میں معصوم بچے، خواتین جاں بحق اور زخمی ہوئے،اسرائیل ان حملوں سے بین الاقوامی قوانین اور حالیہ امن معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ حملے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کےلیے عالمی کوششوں کو بھی نقصان پہنچارہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان بین الاقوامی برادری سے دوبارہ اپیل کرتی ہےکہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ اسرائیل کی بےقابو حرکات اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو روکا جاسکے اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور ہنگامی انسانی قانون کی پاسداری یقینی بنائی جاسکے۔

بیان میں مزید کہاگیا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہےکہ ایک آزاد،خودمختار،قابل عمل اور ہمسایہ ریاست فلسطین قائم کی جائے،جو جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ہو اور جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

 

Back to top button