ایرانی حملوں سےاسرائیل میں جانی نقصان کےاعدادوشمار جاری

اسرائیل کی وزارتِ صحت نے ایرانی حملوں سے ہونے والے جانی نقصان کے اعدادوشمارجاری کردیئے۔

اسرائیل کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 4,829 افراد زخمی ہو کر مختلف ہسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار جنگ کے انسانی اثرات کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق زخمیوں میں سے اب بھی 111 افراد ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طبی عملہ مسلسل مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ جھڑپوں اور میزائل حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایمرجنسی سروسز اور ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ 25 ویں دن میں داخل ہو گئی ہے، جبکہ ممکنہ امن مذاکرات کے حوالے سے متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ایک وسیع معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے، تاہم ایرانی حکام نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ اور گمراہ کن بیانیہ قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایرانی توانائی کے انفراسٹرکچر پر مجوزہ حملوں کو عارضی طور پر پانچ دن کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔

اس سے قبل انہوں نے ایران کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولے، بصورت دیگر ایرانی پاور پلانٹس کو تباہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ بعد ازاں اس ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی گئی۔

 

Back to top button