غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی جاری،مزید29فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے اب تک ہونے والے حملوں میں مزید 29 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

 تازہ حملوں کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے 23 افراد غزہ شہر میں جاں بحق ہوئے، جن میں آٹھ وہ افراد شامل ہیں جو امدادی ٹرکوں کی حفاظت پر مامور تھے۔

اطلاعات کے مطابق، تقریباً 20 امدادی ٹرک جو غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں کی جانب جا رہے تھے، اسرائیلی ڈرون حملے کی زد میں آ گئے۔

غزہ شہر میں ایک کیتھولک چرچ پر بھی اسرائیلی حملہ کیا گیا، جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ فلاحی تنظیم کاریٹاس یروشلم کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 60 سالہ چوکیدار اور 84 سالہ خاتون شامل ہیں۔ خاتون چرچ کے احاطے میں قائم کاریٹاس کے خیمے میں نفسیاتی اور سماجی امداد حاصل کر رہی تھیں۔

دوسری جانب، جنوبی لبنان میں بھی ایک اسرائیلی ڈرون حملہ رپورٹ ہوا ہے۔ لبنانی نیشنل براڈکاسٹنگ نیٹ ورک (NBN) کے مطابق، یہ حملہ نبطیہ کے قریب کفور اور طول کے درمیانی علاقے میں ایک کار پر کیا گیا۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

Back to top button