اسرائیل کاصومالی لینڈکو خود مختار ریاست تسلیم کرنےکا اعلان ،پاکستان کی مذمت

اسرائیل نے خود ساختہ جمہوریہ صومالی لینڈ کو آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنےکا اعلان کردیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ اسرائیل صومالی لینڈ کے ساتھ زراعت، صحت، ٹیکنالوجی اور معیشت کے شعبوں میں فوری تعاون کا خواہاں ہے۔ نیتن یاہو کا کہنا ہےکہ یہ اعلان ابراہام معاہدوں کی روح کے مطابق ہے۔
دوسری جانب صومالیہ نے اسرائیلی اقدام کو سختی سے مستردکرتے ہوئے اسے غیر قانونی قدم اورخود مختاری پر دانستہ حملہ قرار دیا ہے۔
صومالیہ کی وزارت خارجہ نےکہا ہےکہ تمام ممالک اور بین الاقوامی شراکت دار بین الاقوامی قانون کا احترام کریں، عدم مداخلت اور علاقائی سالمیت کے اصولوں کی پاسداری کریں اور افریقا میں امن ،استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
صومالیہ کی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ صومالی لینڈ جمہوریہ صومالیہ کی خودمختار سرزمین کا ناقابل تقسیم اور ناقابل علیحدہ حصہ ہے، صومالیہ ایک واحد خودمختار ریاست ہے جسے تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔
سعودی عرب نے بھی صومالی سرزمین پر ایک نئے ملک کے قیام کو اسرائیل کی جانب سے تسلیم کیے جانے کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یہ یکطرفہ علیحدگی کی کوشش بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے بھی اسرائیل کی جانب سے نام نہاد صومالی لینڈ تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے صومالیہ کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانےکی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا ہے۔
