اسرائیل کی غزہ پرشدید بمباری،104فلسطینی شہید

اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جہاں تازہ فضائی حملوں میں کم از کم 104 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہدا میں رفح میں امدادی مراکز پر خوراک کی تلاش میں مصروف 37 افراد بھی شامل ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آج صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں مجموعی طور پر 104 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد ان افراد کی ہے جو امدادی سامان کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔
الاہلی ہسپتال کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے زیتون میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر (OHCHR) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، 13 جولائی تک غزہ میں خوراک کے حصول کی کوشش کے دوران کم از کم 875 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر حملے نجی امدادی مراکز، خصوصاً غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے آس پاس کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی افواج مسلسل ان افراد کو نشانہ بنا رہی ہیں جو امداد حاصل کرنے کے لیے مراکز کا رخ کرتے ہیں۔
