وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کرنانامناسب ہے،سعد رفیق

مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے وزارت ایوی ایشن کو ختم کرکے وزارت دفاع میں ضم کرنے کو نامناسب قرار دیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’اس اقدام سےایوی ایشن انڈسٹری کو نقصان ہوگا جس پر افسوس ہے۔‘
خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور میں ریلویز اورایوی ایشن کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنانےکا وعدہ کیا گیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماکا کہنا تھا کہ رائٹ سائزنگ کرنا تھی تو ریلویز،ایوی ایشن اور پورٹ اینڈ شپنگ کو ملا کر وزارت ٹرانسپورٹ بنائی جا سکتی تھی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روزوفاقی حکومت نے وزارت ہوا بازی کو بطور الگ وزارت ختم کرکے اسے وزارت دفاع میں ضم کردیا تھا۔جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ہوا بازی سے متعلقہ تمام امور کیلئےوزارت دفاع سے رجوع کیا جائے۔
واضح رہےکہ وفاقی کابینہ نے 14 جنوری 2025 کووزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا تھا،کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے 4 فروری 2025 کو ایس آر او جاری کیا تھا۔
