ملک میں مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم ہونا ضروری ہے،وزیردفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم ہونا ضروری ہے۔ 27ویں ترمیم کے اصل مسودے میں اس حوالے سے بھی اہم نکات شامل تھے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کسی بھی اقدام کے فوری اثرات نہیں آتے، بلکہ وقت کے ساتھ اس کے نتائج سامنے آتے ہیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ 27ویں ترمیم کے اصل ڈرافٹ میں شامل کچھ نکات بعد میں نکال دیے گئے تھے۔ ترمیم میں یہ تجویز بھی تھی کہ وفاق کی جانب سے دیے جانے والے دفاعی بجٹ میں صوبے بھی اپنا حصہ شامل کریں۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم ملک کے قانونی اور آئینی ڈھانچے کے لیے طویل المدتی فوائد ثابت ہوگی، اور اب وقت آگیا ہے کہ ملک 28ویں ترمیم کی جانب بھی پیش قدمی کرے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قرض لے کر صوبوں کو بھی دیتی ہے، اس لیے قرضوں کی واپسی میں بھی صوبوں کا حصہ شامل ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد بلدیاتی اختیارات صوبوں تک تو پہنچے لیکن وہ نچلی سطح تک منتقل نہیں ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ یا پشاور تک محدود ہو کر رہ گئے اور ڈسٹرکٹ، تحصیل یا محلہ سطح تک نہیں پہنچ پائے، حالانکہ اختیارات کو نچلی سطح تک جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈکٹیٹرز کے ادوار میں بلدیاتی نظام مضبوط رہا، لیکن سیاسی ادوار میں یہ نظام کمزور ہو گیا۔
