اگر ایران کیساتھ مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو بہت بُرا ہوگا،صدر ٹرمپ نے خبردار کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جاری مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچے تو حالات سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی بحری بیڑا ایران کی سمت بڑھ رہا ہے، جو صورتحال کی حساسیت کو ظاہر کرتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور معاہدے تک پہنچنا ناگزیر ہے، تاہم مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں نتائج خوشگوار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیو وٹکوف جمعے کے روز ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جسے مذاکرات میں ممکنہ پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے داخلی امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اپنی صنعتوں کے لیے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ امریکی بینک 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا گیا ہے اور غیر قانونی طور پر ملک میں داخلے کا سلسلہ رک چکا ہے۔
عالمی معاملات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور انہیں اس حوالے سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔
