جماعت اسلامی نے کراچی میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا

جماعت اسلامی نے کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی اموات، ای چالان کے نظام اور حکومتی طرزِ عمل کے خلاف آج شہر کے مختلف اہم مقامات پر احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شام 5 بجے شہر کی مرکزی شاہراہوں اور نمایاں عوامی مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نورانی کباب ہاؤس چورنگی، شاہراہ قائدین پر ہونے والے احتجاجی دھرنے سے خطاب کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسٹارگیٹ شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، داؤد چورنگی، کورنگی کراسنگ، تبت سینٹر، موسمیات، پاور ہاؤس چورنگی، حب ریور روڈ، پراچہ چوک شیر شاہ، حیدری نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر 10، سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن نمبر 5 سمیت دیگر مقامات پر بھی دھرنے دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے موجودہ نظام کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
