ججز تبادلہ کیس : اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کی سپریم کورٹ میں اپیل بھیجنے کی درخواست مسترد

وفاقی آئینی عدالت نے ججز کے تبادلے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی سپریم کورٹ میں اپیل واپس بھیجنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے سماعت کے دوران فیصلہ سنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز کی درخواست قابل پیروی نہیں ہے اور اسے خارج کیا جاتا ہے۔
ان درخواست گزار ججز میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحٰق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل تھے۔
واضح رہے کہ یہ ججز اپنی انٹرا کورٹ اپیل کو سپریم کورٹ سے وفاقی آئینی عدالت منتقل کیے جانے کے اقدام کو چیلنج کر رہے تھے۔
متفرق درخواست میں ان ججز نے موقف اختیار کیا کہ کیس آئینی لحاظ سے سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور اس لیے اپیل کو واپس سپریم کورٹ بھیجا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت ان کی اپیل آئینی عدالت منتقل کی گئی، لیکن ان کے مطابق یہ ترمیم آئین کے خلاف ہے۔
یہ کیس دیگر ہائی کورٹس کے تین ججز کے وفاقی دارالحکومت میں تبادلے سے متعلق ہے۔ جون میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ان ججز کے تبادلے کو غیر آئینی قرار نہیں دیا تھا، جس کے بعد یہ پانچ ججز ان فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر چکے تھے۔
