جلاؤگھیراؤکیس،مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کا جوڈیشل ریمانڈمنظور

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چئیرمین آفاق احمد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
آفاق احمد کے خلاف تھانہ عوامی کالونی اورلانڈھی میں مقدمات درج ہیں،جن میں جلاؤ گھیراؤ اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں،مقدمات میں آفاق احمد سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ جلائے گئےڈمپر کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر لاپتہ ہیں،خدشہ ہےکہ ان کے پاس ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کیس دہشت گردی کا کیس بنتا ہے؟سرکاری وکیل نے کہا کہ پوری ٹرانسپورٹر برادری ان کی وجہ سے خوف زدہ ہے، آفاق احمد کے وکیل نے موقف اپنایا کہ خوف زدہ تو ہم ہیں لوگوں کو ڈمپر تلے کچلا جارہا ہے۔
واضح رہےکہ آفاق احمد کو پولیس نے گزشتہ روزان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا تھا،انسپکٹر جنرل آف پولیس آئی جی نےگرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ نذر آتش کرنےاور لوگوں کو اکسانے کے الزام میں آفاق احمد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک اورپولیس افسرنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھاکہ لانڈھی میں چند افراد نے سامان لے جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ کو ’ہائی جیک‘ کیا تھا، جسے لانڈھی میں پارٹی کے دفتر لے جایا گیا اور صبح 7 بجے آگ لگا دی گئی۔