جے یو آئی نےعلی امین گنڈاپورکوچند ماہ کا مہمان وزیراعلیٰ قرار دیدیا

مولانافضل الرحمان پرسخت تنقیدکےبعدجےیوآئی نے علی امین گنڈاپور کوچندماہ کا مہمان وزیراعلیٰ قرار دیدیا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور فارم 47 کے تحت مسلط کردہ وزیر اعلیٰ ہیں۔ ان کے بجائے باجوڑ جانے کی بجائے لاہور میں سیر و تفریح کرنا انتہائی قابلِ افسوس ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور، اپنے ہی سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے اعتراف کے مطابق جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں، اور موجودہ صوبائی حکومت کرپشن میں مکمل طور پر ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی خزانے سے لاہور کے دورے کرنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے حقیقت پر مبنی بیان نے وزیر اعلیٰ کی تمام ڈرامہ بازی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو کھلا چیلنج دے دیا۔ لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں ہمارا مینڈیٹ جعلی ہے، جبکہ خود فارم 47 کے ذریعے جیت کر آئے۔
انہوں نے کہا، "مولانا کو چیلنج ہے کہ میرے بھائی کے خلاف الیکشن جیت کر دکھائیں، اگر نہ جیتے تو سیاست چھوڑ دیں۔”
دو روز قبل مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی تھی کہ خیبر پختونخوا حکومت میں تبدیلی کی ضرورت ہے، لیکن یہ تبدیلی پی ٹی آئی کے اندر سے آنی چاہیے۔
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ "مولانا ہمیں تبدیلی کا مشورہ دینے کے بجائے پہلے خود کو بدلیں تو بہتر ہوگا۔”
