19جولائی 1947 : کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں

آج دنیا بھر میں کشمیری یومِ الحاقِ پاکستان منا رہے ہیں۔ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔
19 جولائی 1947 کو سرینگر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔ یہ تاریخی قرارداد جموں و کشمیر اور پاکستان کے مابین مذہبی، جغرافیائی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں کی بنیاد پر تشکیل دی گئی، جو لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی اجتماعی خواہش کی ترجمانی کرتی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ 19 جولائی کی قرارداد آج اور بھی زیادہ اہمیت اختیار کر چکی ہے، کیونکہ بھارت میں بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں بدلنے کی سازشوں کو تیز کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم اور جبر کے باوجود کشمیریوں کی پاکستان سے محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ کشمیری آج بھی "ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے” جیسے شہید سید علی گیلانی کے نعرے کو مشعلِ راہ بنا کر جدوجہدِ آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ اور پاکستان سے ان کے فطری و دائمی رشتے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی جبر کے خلاف حقِ خودارادیت کے لیے پُرعزم جدوجہد کر رہے ہیں، اور ان کی قربانیاں دنیا بھر میں آزادی، حریت اور قربانی کی لازوال مثال بن چکی ہیں۔
صدر زرداری نے یقین دلایا کہ پاکستان، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور وہ بھارتی قبضے سے نجات حاصل کر کے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی دس لاکھ فوج کا ظلم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کچلنے میں ناکام رہا ہے۔ وقت کے ساتھ کشمیریوں کے حوصلے اور عزم میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسری نسل بھی حق خودارادیت کے لیے پرعزم ہے، اور پاکستان ہمیشہ ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی رگوں میں پاکستان سے محبت دوڑتی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں، آرزوؤں اور قربانیوں کا مرکز ہے، اور بھارت کشمیری عوام کے دلوں میں پاکستان کے لیے موجود اس والہانہ جذبے سے خوفزدہ ہے۔
