جنید صفدر کا شیخ روحیل اصغر کی پوتی سے شادی کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کی دوسری شادی طے پا گئی ہے، اس مرتبہ ان کا رشتہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ روحیل اصغر کے خاندان میں طے پایا ہے۔ جنید صفدر کی پہلی شادی سابق سینیٹر اور نیب کے سابق چیئرمین سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے ہوئی تھی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دو برس بعد دونوں میں طلاق ہو گئی۔ طلاق کی بنیادی وجہ یہ سننے میں آئی تھی کہ عائشہ عمر میں جنید سے چھ برس بڑی تھیں لہذا دونوں کی بن نہیں پائی۔
جنید صفدر کی دوسری شادی کے لیے جس دلہن کا انتخاب کیا گیا ہے وہ نون لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر کے بیٹے علی روحیل کی بیٹی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں خاندان شادی کا ابتدائی ایونٹ منعقد کر چکے ہیں، جس میں دونوں خاندانوں کے صرف قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی تھی۔ شادی کی تقریبات دسمبر کے آخری ہفتے یا جنوری کے پہلے ہفتے میں لاہور میں منعقد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح اگست 2021 میں لندن میں ہوا تھا، جس میں مریم نواز شریک نہیں ہوئی تھیں۔ شادی کی تقریبات کئی روز جاری رہی تھیں اور خاندان کے افراد کو خاصا خوش دیکھا گیا تھا۔ دو سال تک جنید صفدر اور انکی اہلیہ ساتھ رہے جس دوران اکثر ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہیں۔ ان کے اختلافات کی خبریں کبھی میڈیا میں نہیں آئیں لیکن پھر اچانک طلاق کی خبر آ گئی۔ جنید صفدر نے خود انسٹاگرام سٹوری پر طلاق کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے تب میڈیا سے درخواست کی تھی کہ ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے اپنی سابق اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔
عائشہ سیف خان سے طلاق کے بعد اس سال شریف خاندان نے جنید صفدر کا رشتہ نواز شریف کے کزن جاوید شفیع کی پوتی سے طے کیا تھا۔ جاوید شفیع اتفاق گروپ آف انڈسٹریز کے اہم رکن ہیں۔ رشتہ 48 سالہ عثمان جاوید کی بیٹی سے طے ہوا تھا، جو ماڈل ٹاؤن لاہور میں مقیم ہیں۔ تاہم صرف ایک ماہ بعد یہ رشتہ باہمی رضامندی سے ختم کر دیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ جنید صفدر کا مؤقف تھا کہ لڑکی کی عمر بہت کم ہے، اس لیے رشتہ موزوں نہیں ہوگا۔
اب کیپٹن (ر) محمد صفدر اور مریم نواز نے اپنے بیٹے کا گھر دوبارہ بسانے کا فیصلہ کیا ہے اور جنید صفدر کا رشتہ شیخ روحیل اصغر کے خاندان میں طے کیا ہے۔
یاد رہے کہ شیخ روحیل اصغر مسلم لیگ (ن) کے پرانے اور اہم رہنماؤں میں سے ہیں۔ وہ لاہور سے متعدد بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور طویل عرصہ تک شریف خاندان کے قریبی ساتھی رہے ہیں۔ البتہ 2024 کے عام انتخابات سے کچھ عرصہ قبل ان کے نواز شریف کے ساتھ اختلافات پیدا ہو گئے تھے، جو بعد میں خاصے نمایاں بھی ہوئے۔ اسکے باوجود وہ 2024 کے الیکشن میں نون لیگ کے ٹکٹ پر لاہور سے میدان میں اترے لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب انکے اور شریف خاندان کے اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور جنید صفدر کے رشتے نے دونوں خاندانوں کو دوبارہ قریب کر دیا ہے۔ یوں جنید صفدر کی زندگی کا نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے اور دونوں خاندان شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
غیر سیاسی انداز میں فوج پر تنقید کرنے والوں کا مقابلہ کرنا ہوگا : بلاول بھٹو
خیال رہے کہ جنید صفدر نہ صرف شریف خاندان کا نوجوان چہرہ ہیں بلکہ ان کا تعلیمی پس منظر بھی خاصا مضبوط ہے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم پاکستان کے معتبر ادارے ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی۔ بعدازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ گئے، جہاں انہوں نے نمایاں تعلیمی اداروں سے سوشل سائنسز اور پولیٹکس سے متعلق تعلیم حاصل کی۔ دورانِ تعلیم وہ مختلف سرگرمیوں، خصوصاً پولو میں بھی فعال رہے، جس کی متعدد تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی ہیں۔ انہیں شریف خاندان کے نسبتاً زیادہ پڑھ لکھے نوجوانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
