جنید کی دلہن نے انڈین ڈریس ڈیزائنرز کا تیار لباس کیوں پہنا ؟

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور شانزے علی روحیل کی شادی تاحال سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ شادی کی تقریبات بارے تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں ایک طرف دلہا دلہن کے ملبوسات، شادی کے کھانوں، مریم نواز کی ڈریسنگ اور مریم اورنگزیب کے ’گلو اپ‘ اور بدلاؤ کے چرچے ہیں وہیں دوسری جانب جنید، شانزے اور مریم نواز کے ڈریسز کی قیمتوں نے بھی سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رکھا ہے۔ تاہم عوام متجسس ہیں کہ شادی کی تقریبات میں جنید، شانزے اور مریم نواز نے کس ڈیزائنر کا ڈیزائن کردہ ڈریس زیب تن کیا، پاکستانی ڈیزائنر کسے پسند آئے اور کس نے انڈین ڈیزائنر کا انتخاب کیا؟ شادی کی تقریبات میں مریم نواز اور جنید صفدر نے اپنے ملبوسات کے لیے پاکستانی ڈیزائنرز کا انتخاب کیا، جبکہ دلہن شانزے روحیل نے اپنی خوبصورتی اور اسٹائل کے لیے معروف انڈین ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات زیب تن کیے۔
مہندی، بارات اور ولیمہ کے دوران ہر تقریب میں دلہا دلہن اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لباس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی، اور ہر ڈیزائن، رنگ اور سٹائل کے انتخاب کو خوب سراہا گیا۔ مہندی کی تقریب کا ذکر کیا جائے تو جنید صفدر نے پاکستانی ڈیزائنر ایچ ایس وائے یعنی حسن شہریار یاسین کے ڈیزائن کردہ لباس کا انتخاب کیا جس میں نیوی بلیو رنگ کی روایتی شلوار قمیض، ساتھ کاٹن کے کپڑے سے تیار کی گئی واسکٹ شامل تھی۔ جس پر سنہری بٹن لگے ہوئے تھے۔ جنید صفدر نے اس شاہانہ لباس کے ساتھ سنہری، براؤن شال کو روایتی انداز میں کندھے پر ڈال رکھا تھا۔ شانزے روحیل کی بات کی جائے تو ان کے مہندی کے لباس نے سوشل میڈیا پر ایک زبردست ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ معلوم ہوا کہ شانزے نے مہندی پر معروف انڈین ڈیزائنر سابیاساچی کا ڈیزائن کردہ سبز اور ملٹی کلرڈ لہنگا زیب تن کیا، جس پر نفیس زردوزی، گوتا پٹی اور سیکوئنز ورک کیا گیا تھا۔ اس لباس کو پیچ رنگ کی نیٹ دوپٹہ کے ساتھ مکمل کیا گیا، جس نے شانزے کے انداز میں شاہی اور فیشن ایبل ٹچ شامل کر دیا۔
بارات کے دن بھی جنید صفدر ایچ ایس وائے کے ڈیزائن کردہ لباس میں جلوہ گر ہوئے۔ انہوں نے آف وائٹ رنگ کی خصوصی شیروانی پہنی، جس میں ابھرا ہوا سکلپٹڈ کالر اور نفیس بٹنوں کی خوبصورت ڈِیٹیلنگ شامل تھی، اور اسے روایتی پگڑی اور کاٹن شلوار قمیض کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا۔ جہاں دلہن شانزے روحیل کا مہندی پر پہنا گیا انڈین ڈیزائنر سابیاساچی کا لباس زیرِ بحث رہا، وہیں بارات کے دن شانزے نے ایک بار پھر انڈین ڈیزائنر کا انتخاب کیا اور معروف ڈیزائنر ترون تہلیانی کی تیار کردہ گہرے سرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی ساڑھی اس سے قبل انڈیا کی اداکارہ اننیا پانڈے نے بھی آدار جین کی شادی میں پہنی تھی۔ ساڑھی کی باریک پھولوں کی نفیس کڑھائی اور قدیم سنہری بارڈر نے اس کے حسن میں اضافہ کیا، جبکہ اس کا پلّو حرکت کے دوران خاص طور پر نمایاں دکھائی دیتا تھا، جس نے شانزے کے انداز کو شاہانہ اور یادگار بنا دیا۔ شانزے کی جیولری کی بات کی جائے تو وہ کرات جیولرز کی تھی جبکہ میک اپ سعد سمیع کی جانب سے کیا گیا۔
جنید صفدر کی شادی پر مریم نواز کی ڈریسنگ سینس کے چرچے
واضح رہے ترون تہلیانی انڈیا کے معروف ڈیزائنر ہیں اور بالی وڈ کی معروف اداکارئیں بھی اس ڈیزائنر کے لباس پہن چکی ہیں جن میں کرینہ کپور، جھانوی کپور، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف جیسے نام بھی شامل ہیں۔ ترون تہلیانی کے انسٹاگرام پر اننیا پانڈے کو وہی ساڑھی پہنے دیکھا جا سکتا ہے جو جنید صفدر کی اہلیہ شانزے نے بارات پر زیب تن کی تھی۔ اگر اس ساڑھی کی قیمت کا اندازہ لگایا جائے تو ترون تہلیانی کی کشیدہ ساڑھی تقریبا 4 ہزار ڈالر سے 12 ہزار ڈالر کے درمیان ہیں۔ ولیمے کی بات کی جائے تو جنید صفدر اور شانزے دونوں نے پاکستان کے معروف ڈیزانر فراز منان کے لباس زیب تن کیے۔
جہاں شادی کی تقریبات میں دلہا دلہن توجہ کا مرکز بنے رہے وہیں مریم نواز سمیت مسلم لیگ کی دیگر خواتین رہنماؤں کے لباس پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔مریم نواز نے جنید صفدر کی مہندی اور ولیمے پر پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کے ڈیزائن کردہ لباس پہنے جبکہ بارات پر مریم نواز نے پاکستانی ڈیزائنر اقبال حسین کا ڈیزائن کردہ ہرے رنگ کا لباس پہنا۔ بارات پر مریم نواز کے ہاتھوں میں نظر آنے والا ہینڈ بیگ معروف اطالوی برانڈ ویلنٹینو کا ہے جس کی قیمت 3100 ڈالر ہے۔ مریم نواز کی جانب سے پہنے گئے زیورات کی بات کی جائے تو وہ پاکستانی حنیف جیولرز کی جانب سے بنائے گئے تھے۔ مریم نواز کی جانب سےبیٹے کی شادی کی خوشیوں میں شرکت کے لیے منتخب کئے گئے لباس نہ صرف مہندی کی تقریب کے رنگوں سے ہم آہنگ دکھائی دئیے بلکہ سادگی کے ساتھ شاہانہ انداز کی جھلک بھی پیش کرتے رہے۔ شادی کے موقع پر مریم نواز کے لباس، انداز اور روایتی انتخاب کو خوب سراہا گیا۔ جہاں سوشل میڈیا پر صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ مریم نواز تو دلہن سے بھی سپاٹ لائٹ چھین لی، وہیں مریم اورنگزیب کو دیکھ کر متعدد صارفین حیران تھے اور کہا یہ جا رہا تھا کہ مریم اورنگزیب میں اتنا بدلاؤ کیسے آگیا۔ بظاہر مریم اورنگزیب پہلے سے کافی دبلی پتلی نظر آئیں جس پر لوگ یہ دعوے کرتے دکھائی دئیے کہ آیا انہوں نے وزن کم کرنے کے اوزیمپک کا استعمال کیا یا سرجیکل ٹریٹمنٹ کروایا ہے۔دوسری جانب صارفین یہ بھی کہتے نظر آئے کہ چہرے میں اتنی بڑی تبدیلی صرف سرجری سے ممکن نہیں مریم اورنگزیب نے یقینا وزن کم کرنے اور زندگی میں بدلاؤ لانے میں کافی محنت کی ہے۔ اس حوالے سے مریم اورنگزیب کی والدہ طاہرہ اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب گزشتہ دو سے تین ماہ سے سخت ڈائٹ پر ہیں۔ وہ زیادہ تر صرف چائے اور کافی پر گزارا کر رہی ہیں۔اسی وجہ سے مریم اورنگزیب پتلی ہوئی ہیں اور پہلے سے بہت مختلف نظر آ رہی ہیں۔تاہم ڈائٹ کے علاوہ انھوں نے کسی قسم کی کوئی سرجری نہیں کروائی۔
شادی پر لباس اور شخصیات سے ہٹ کر بات کی جائے تو کھانا ہمیشہ زیر بحث آتا ہے، تقریبات کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد متعدد لوگ ون ڈش قوانین کی خلاف ورزی پر بات کرتے دکھائی دیے۔ ذرائع کے مطابق جنید صفدر اور شانزے روحیل کی شادی کی تین روزہ تقریبات میں کھانے کا انتظام بھی خاص رہا۔ جاتی امراء میں منعقدہ مہندی کی محفل میں روایتی اور مقبول پاکستانی کھانے پیش کیے گئے، جن میں سوپ، چکن دم پخت، دال گشت، آلو گوشت، سفید چاول، باربی کیو، گاجر کا حلوہ، دال کا حلوہ اور دیگر روایتی ڈشز شامل تھیں۔ بارات کی تقریب میں بھی مہندی کی طرح ضیافت اور روایتی کھانوں کا انتظام بتایا گیا، جس میں خاندان اور معزز مہمانوں کے لیے دعوت کا اہتمام کیا گیا، جبکہ اس کی تفصیلی مینو لسٹ ابھی تک باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئی۔ ولیمہ کی تقریب میں شریک مہمانوں کی سوپ، چکن ٹیمپورا، روایتی چکن ڈش، امرتسری مٹن پلاؤ، فِش، دیسی گھی میں تیارکردہ گاجر کے حلوے اور گلاب جامن سے تواضع کی گئی۔
