عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے تیسری شادی کر لی

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے مرزا بلال سے تیسری شادی رچا لی ہے، ریحام کی جانب سے مرزا بلال کی تصویر کو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔ریحام خان نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام میں اپنی شادی کی تصویر بھی شئیر کی جس میں انہوں نے سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جو عمومی طور پر مغربی روایات کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بی بی سی اور دیگر اداروں سے بحیثیت براڈکسٹر وابستہ رہنے والی صحافی ریحام خان نے پہلی شادی سنہ 1990 میں کی تھی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی۔انہیں پہلی شادی سے تین جواں سالہ بچے بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں، ریحام خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے کی تھی مگر 10 ماہ میں ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں ہی طلاق ہوگئی۔

عمران خان سے شادی اور طلاق کے بعد ہی ریحام خان کو عالمی سطح پر شہرت ملی، وہ فلم پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کر چکی ہیں۔ اس سے قبل دوسری طلاق کے 7 سال بعد انہوں نے رواں سال اگست میں تیسری شادی پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے گھر میں بھی ان کی تیسری شادی سے متعلق باتیں ہوتی رہتی ہیں۔

ریحام خان نے رواں سال عید کے موقع پر اداکار نعمان اعجاز کے پروگرام ’جی سرکار‘ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے سیاست اور ملکی حالات سمیت اپنی نجی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کیں اور اسی دوران انہوں نے تیسری شادی کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔دوران پروگرام ایک سوال کے جواب میں ریحام خان نے بتایا تھا کہ ان کی ایک رشتے دار خاتون نجومی نے ان کا ہاتھ دیکھنے کے بعد انہیں بتایا کہ ان کے ہاتھ میں تیسری شادی کی لکیر ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی تیسری شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا گھر میں ہونے والی بات چیت کا ذکر بھی کیا اور بتایا کہ ان کے بھائی نے ان کے ایک بھانجے کو یہ دھمکی دے کر شادی پر راضی کیا کہ اگر وہ شادی نہیں کریں گے تو ان کی خالہ یعنی ریحام خان تیسری شادی کرلیں گی۔اسی دوران انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کی تیسری شادی ہوگئی تو ان کے تیسرے شوہر کو سرپرائز ملے گا۔

عمران خان کی سابق اہلیہ نے پروگرام میں تیسری شادی کے ذکر پر مسکراتے ہوئے گفتگو کی اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے پہلی دونوں شادیوں پر مہندی نہیں لگائی تھی، کیوں کہ انہیں مہندی لگانے اور چوڑیاں پہننے کا شوق نہیں۔

Back to top button