جسٹس فائز عیسٰی کی براہ راست کوریج کی درخواست سپریم کورٹ نے مسترد کردی

سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنےکی درخواست مسترد کردی۔
سپریم کورٹ کے 6 ججوں نے اکثریتی رائے سے کیس کی براہ راست سماعت نشر کرنے کی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست مسترد کی جب کہ 4 ججوں نے کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی حمایت کی۔ عدالت کا کہنا ہےکہ درخواست پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ فیصلے کے اختلافی نوٹ میں کیس کی براہ راست نشریات کی استدعا منظور کی گئی ہے اور کہا گیا ہےکہ عدالتی کارروائی براہ راست نشر کرنے کےلیے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائے، عوامی دلچسپی کے کیسز کی آڈیو ریکارڈنگ ویب سائٹ پر بغیر ایڈیٹ اپ لوڈ کی جانی چاہیے، معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ معلومات تک کس انداز میں رسائی دے سکتی ہے یہ انتظامی معاملہ ہے۔ فیصلہ جاری ہونے پر جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ فیصلے تحریر کرنے اور اختلاف کرنے والے ججز کے نام جاننا چاہتا ہوں اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فیصلہ پڑھیں گے تو آپ کو ناموں کا اندازہ ہوجائے گا۔
