جسٹس انعام امین منہاس نے نجف حمید کے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے فراڈ کیس میں ضمانت کی بحالی کی درخواست کی سماعت کرنے سے خود کو الگ کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، جسٹس منہاس نے کیس کی فائل چیف جسٹس کے پاس بھیج دی اور ریمارکس دیے کہ، "وکیل صاحب اپنے موکل کو سمجھائیں، یہ طریقہ کار درست نہیں، میں اس کیس کی سماعت نہیں کروں گا۔”

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی گرفتاری روک دیا

سماعت کے دوران نجف حمید اپنے وکیل بیرسٹر راجا قدیر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی گزشتہ سماعت میں نجف حمید کو فراڈ کیس میں اہم ریلیف دیا گیا تھا، جس کے تحت عدالت نے ان کی گرفتاری روک دی تھی۔ عدالت نے اسپیشل جج سینٹرل کے فیصلے کے تحت آئندہ سماعت تک کارروائی معطل کرتے ہوئے پولیس کو نجف حمید کی گرفتاری سے روک دیا تھا اور بعد میں متعلقہ فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے 16 جنوری کو نجف حمید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی منسوخی کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کی تھی۔ اس کے بعد نجف حمید نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور 24 جنوری کو سنائے گئے اسپیشل جج کے ضمانت منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

Back to top button