جسٹس جنید غفار نے بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا

جسٹس محمد جنید غفار نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس سندھ میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ان سے حلف لیا۔
یہ تقریب تاریخی لحاظ سے منفرد رہی، کیونکہ اسی مقام پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بطور پہلے گورنر جنرل حلف لیا تھا۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو، سندھ ہائیکورٹ کے ججز، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شرکت کی۔
حلف برداری کے بعد چیف جسٹس جنید غفار نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیر داخلہ کا ایف آئی اے کو جعلی ادویات اور نان کسٹم اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
جسٹس جنید غفار سندھ ہائیکورٹ کے 26ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے ہیں۔ ان کی تعیناتی یکم جولائی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں عمل میں آئی تھی۔
اسی اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، اور جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے بعد ازاں باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں ان تمام نامزدگیوں کی تصدیق کی گئی۔
