جسٹس سرفراز ڈوگراسلام آبادہائیکورٹ کے سینئرجج بن گئے

لاہور ہائی کورٹ سےآنےوالےجسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کےبعد سینئر موسٹ جج ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ، لاہور اور بلوچستان ہائی کورٹ سے 3 ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ کردیا گیا ہے۔بلوچستان ہائی کورٹ سے آنے والے جج جسٹس محمد آصف حال ہی میں ایڈیشنل جج بنے تھے جب کہ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس خادم حسین سومرو 2 سال پہلے ہائی کورٹ کے جج بنے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی سینیارٹی لسٹ میں جسٹس خادم حسین سومرو جسٹس ثمن رفعت سے سینئر ہوں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے ججز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو لکھا گیا خط سامنے آیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے اسلام آباد ہائی کورٹ، لاہور ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹسزکو بھی خط لکھے تھے۔
ذرئع کا کہنا ہے کہ خط لکھنے والےاسلام آباد ہائیکورٹ کے7 ججز میں جسٹس محسن اخترکیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ثمن رفعت امتیاز اور جسٹس بابرستار شامل تھے۔ خط پر 7 ججز کے نام لکھے تھے لیکن 5 ججز کے دستخط تھے۔
ذرائع نے بتایاکہ خط میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر کے نام کے سامنے دستخط موجود نہیں تھے۔
خط میں کہا گیا کہ دوسری ہائی کورٹس سے جج نہ لایا جائےاورنہ چیف جسٹس بنایا جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ سے ہی3سینئر ججز میں سےچیف جسٹس بنایا جائے۔
ججز کا خط میں کہنا تھا کہ دوسری ہائی کورٹس سے جج لانے کیلئےبامعنی مشاورت ضروری ہے، دوسری ہائی کورٹس سے جج لانے کیلئےوجوہات دینا بھی ضروری ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کی نسبت لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا کیسز 2 لاکھ ہیں ۔
