کالاشاہ کاکو،اسلام آباد ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی، 50 مسافر زخمی

لاہور سے اسلام آباد جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کالاشاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر گئی،جس سے 50 مسافر زخمی ہوگئے۔
لاہور سے اسلام آباد جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کالاشاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں 50 مسافر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ کالا شاہ کاکو اور مریدکے کے درمیان نالہ ڈیک کے قریب پیش آیا، جہاں اسلام آباد ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور ان میں سے تین مکمل طور پر الٹ گئیں۔ حادثے کے فوری بعد مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد زخمی افراد مدد کے لیے منتظر رہے۔
ابتدائی طور پر امدادی ٹیمیں بروقت نہ پہنچ سکیں، جس پر مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی ساتھیوں کو الٹی ہوئی بوگیوں سے نکالنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں، چھ ریسکیو گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، جہاں شدید زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
جائے حادثہ سے ریلوے لائن کے ٹوٹے ہوئے حصے ملے ہیں، اور اس وقت ٹرین کی رفتار تقریباً 105 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ لاہور سے ریلیف اور میڈیکل ٹرینیں بھی روانہ کی گئیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں معاونت کی جا سکے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ریسکیو اقدامات تیز کرنے اور میڈیکل ٹیموں کو فوری پہنچنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ وزیر نے واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سات روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی مدد فراہم کی جا سکے۔
