کراچی ایئرپورٹ دھماکا پاک چین دوستی پر حملہ ہے : دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کاکہنا ہے کہ کراچی خودکش دھماکا پاک چین دوستی پرحملہ ہے، پاکستان سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے نیوز بریفنگ میں کہاکہ چینی شہریوں پر حملےکی شدید مذمت کرتےہیں،واقعے پر چینی حکام سےمسلسل رابطے میں ہیں، حملے میں 2 چینی انجینئرز کی جانیں گئیں اور ایک زخمی ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نےکہا کہ دہشت گردی کی کارروائی پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر حملہ ہے۔سیکورٹی فورسز دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو پکڑنےمیں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلیے پر عزم ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کراچی ایئرپورٹ کےقریب دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا کہ ہم چینی اور پاکستانی دونوں متاثرین کےخاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتےہیں جب کہ واقعے میں زخمی ہونےوالوں کی جلد صحت یابی کےلیے دعا کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نےکہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کےلیے اپنے چینی بھائیوں کےساتھ مل کر کام کرتا رہے گا،قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں اور ان کےسہولت کاروں کو منتقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ترجمان نےکہا کہ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں، وزارت خارجہ ہم آہنگی اور سہولت کےلیے چینی سفارت خانے کےساتھ قریبی رابطے میں ہے۔انہوں نےکہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت اور سلامتی کےلیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کاکہنا تھا کہ اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ کو ایک سال ہوگیا ہے،اس دوران اسرائیل نےمقامی آبادیوں، اسکولز اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا، اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کررہا ہے جب کہ ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیاہے کہ امن کےلیے اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کا دورہ کیا،انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کی، جو بہت مفید رہی۔

ترجمان کےمطابق سعودی اعلی سطح کاوفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا،سعودی وفد وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ افغان عبوری حکومت کو عالمی برادری سےکیے وعدے پورےکرنے ہوں گے۔

واضح رہےکہ کراچی میں رات گئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 غیر ملکی سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئےجب کہ دھماکے سےمتعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔

کراچی : ائیرپورٹ کےقریب حملے کی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں

Back to top button