کراچی: گیس لیکج سے ہونیوالے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی

کراچی میں گیس کے اخراج کے باعث ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ علی الصبح تقریباً 4 بجے کراچی کے علاقے سولجر بازار میں پیش آیا، جہاں گیس لیک ہونے کے باعث زور دار دھماکا ہوا۔
دھماکے سے تین منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے جبکہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں ہر منزل پر ایک ایک کمرہ موجود تھا۔ گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ملبے سے 13 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں چار بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دس سے زائد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر واجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا پہلی منزل پر ہوا، جو ممکنہ طور پر گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کے باعث پیش آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدشہ ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں، اس لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھوٹی عمارتوں میں ریسکیو کے لیے مخصوص آلات استعمال کیے جاتے ہیں، جن کی مدد سے لوہے کے ڈھانچے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا جارہا ہے۔
