ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کراچی کنگز کے بالر حسن علی پر جرمانہ عائد

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔ حسن علی نے 19ویں اوور میں بلے باز حسیب عبداللہ خان کو آؤٹ کرنے کے بعد غیر مناسب رویہ اختیار کیا، جسے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
میچ ریفری نے اس عمل پر حسن علی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا، جسے انہوں نے تسلیم کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کر لیا۔
پی ایس ایل 11: بال ٹیمپرنگ کا الزام، فخر زمان کو لیول تھری جرم پر چارج کر دیا گیا
پی سی بی کے مطابق یہ خلاف ورزی لیول ون کے آرٹیکل 2.5 کے تحت آتی ہے، جس میں آؤٹ کرنے کے بعد اشتعال انگیز زبان، اشاروں یا حرکات شامل ہیں۔
میچ کے نتیجے میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے، جس کے جواب میں کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
