کراچی ایک بار پھر پانی کے شدید بحران کی لپیٹ

کراچی ایک بار پھر پانی کے شدید بحران کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ مرمتی کام کے باعث شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور شہری کئی دنوں سے بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ گھروں میں نل خشک ہیں جبکہ لوگ مہنگے داموں ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق گلشن اقبال میں 84 انچ قطر کی مرکزی لائن کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے اور بدھ اور جمعرات سے مرحلہ وار پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 19 میں 84 انچ قطر کی اہم لائن میں رساؤ پیدا ہو گیا تھا، جس کی مرمت کا کام پیر سے شروع کیا گیا۔ اس دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے یومیہ تقریباً 200 ملین گیلن پانی کی فراہمی کم کر دی گئی، جس کے باعث شہر کا نظامِ آب بری طرح متاثر ہوا۔

صرف ایک مرکزی لائن کی خرابی نے کراچی کے وسیع علاقوں کو پانی سے محروم کر دیا۔ کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، گلستانِ جوہر، لیاقت آباد، ناظم آباد، پی آئی بی کالونی، صدر، اولڈ سٹی ایریا، محمود آباد، ڈیفنس، گلبرگ اور دیگر علاقوں میں چار روز سے پانی کی فراہمی بند ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار کے مرمتی کام اور ناقص انفراسٹرکچر کے باعث انہیں مستقل اذیت کا سامنا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Back to top button