کراچی: وائٹ بال کیمپ کے تیسرے روز صائم ایوب الیون کی شاندار فتح

کراچی میں جاری پاکستان وائٹ بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے تیسرے روز ایک دلچسپ پریکٹس میچ کھیلا گیا، جس میں صائم ایوب الیون نے سلمان علی آغا الیون کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ میں دونوں ٹیموں کی قیادت صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے کی۔ سلمان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ حسین طلعت 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جب کہ شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب الیون نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18.1 اوورز میں ہی ہدف مکمل کر لیا۔ حسن نواز نے شاندار 57 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان نے 51 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ کپتان صائم ایوب نے بھی 34 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سلمان الیون کی جانب سے صفیان مقیم نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان علی آغا نے خود بھی 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا
میچ سے قبل کھلاڑیوں نے فیلڈنگ اور ایکسرسائز ڈرلز میں بھرپور حصہ لیا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ معیار کو بہتر بنانا تھا۔
وائٹ بال کیمپ کا مقصد آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کو حتمی شکل دینا ہے، اور اس سلسلے میں ہونے والے پریکٹس میچز نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
