یوم استحصال کشمیر : حکومت پاکستان کشمیریوں اخلاقی حمایت جاری رکھے گی، صدر، وزیراعظم

یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کو 6 سال مکمل ہوچکے ہیں، جن کا مقصد کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو کمزور کرناتھا۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے آبادیاتی ساخت اور سیاسی نقشے کو تبدیل کرنےکی مذموم سازش کی۔بھارت غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کررہا ہے،ڈومیسائل کے اجرا اور من مانی حلقہ بندیوں کےذریعے کشمیری عوام کو ان کے ہی وطن میں اقلیت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر متوجہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔آج کا دن بھارتی ریاستی ظلم و جبر اور کشمیریوں کی بےمثال استقامت کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

اسی طرح یوم استحصال کشمیر پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مودی حکومت نے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقلیتوں پر حملہ کیا۔بھارت میں اقلیتوں کی زندگی اجیرن بنائی جارہی ہے اور کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی منظم کوشش جاری ہے۔

چوہدری انوارالحق نے کہاکہ کشمیری عوام رائےدہی،جائیداد اور اسمبلی کے حق سے محروم کردیے گئے ہیں، جب کہ حریت قیادت،صحافی اور کارکن جھوٹے مقدمات میں قید ہیں،بھارتی اقدامات عالمی معاہدوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

Back to top button