آج ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

کشمیری عوام کی طویل جدوجہدِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آج پاکستان بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

دارالحکومت مظفرآباد میں صبح 9 بجے سے 10 بجے کے دوران سائرن بجائے جائیں گے، جبکہ شہدائے کشمیر کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ ملک کے مختلف حصوں میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے ریلیاں، اجتماعات اور دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی زنجیر بنا کر اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا۔

آج آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف مظفرآباد کا دورہ کریں گے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کی تجدید کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔

دوسری جانب افواجِ پاکستان نے بھی کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات جلد ہوگی،راناثنااللہ

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بلاجواز گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی تشخص کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔ افواجِ پاکستان آزادی اور وقار کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔

Back to top button