پاکستان سمیت دنیا بھرمیں یومِ یکجہتیٔ کشمیر منایا جارہا ہے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایاجارہاہے۔
آج آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا،جس سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف خطاب کرینگے۔
کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئےملک بھر میں سیمینارز اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ملک بھر سمیت عالمی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےمختلف پروگرام اور تقاریب منعقد ہوں گی،جس میں مقررین جدوجہد آزادی کشمیر کی داستان،اس راہ میں پیش آنے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت اور قابض فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر مظالم کی داستان بتائیں گے۔
پانچ فروری ہر سال پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ آج کشمیر بارود کی بو میں ڈوبا ہوا ہے جہاں ظلم اور جارحیت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔گمنام قبریں،عصمت دری کا نشانہ بننے والی کشمیری خواتین اور ہزاروں یتیم بچے بھارت کی فسطائیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔
بھارت،جمہوریت کی نام نہاددعویدار ریاست نے مقبوضہ وادی میں 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔اس حوالے سے حریت رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے‘‘۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر جانب ظلم و زیادتی ہو رہی ہے۔ہم جرات کے ساتھ ہندوستان کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر ایک دن ہی نہیں بلکہ ایک عہد ہے جو پاکستان کے عوام نے کشمیریوں کے ساتھ کر رکھا ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں تمام تر انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہے۔
