کاوے موسوی کی معافی عمران نیازی کے منہ پر طمانچہ قرار

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے برطانیہ کی براڈشیٹ کمپنی کے سربراہ کاوے موسوی کی معافی کو عمران نیازی کے منہ پر طمانچہ قرار دے دیا ہے. وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صدر ن لیگ شہباز شریف نے دیگر پارٹی رہنماؤں احسن اقبال ، شاہد خاقان عباسی ، مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللّٰہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج بڑا اہم دن ہے. انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی براڈشیٹ کمپنی کے سربراہ نے غیر مشروط طور پر نواز شریف سے معافی مانگ لی ہے جو کہ وزیر اعظم عمران خان کے منہ پر ایک طمانچہ ہے.
اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ صدر مشرف کے زمانے میں برطانیہ کی براڈشیٹ کمپنی کو اپوائنٹ کیا گیا تھا، یہ ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں ڈھونڈ سکے. انہوں نے کہا کہ یہ خدانخواستہ حرام کی کمائی سے بنایا ہوا کوئی بھی اثاثہ نہیں ڈھونڈ سکے.
سربراہ براڈ شیٹ نے نواز شریف سے معافی مانگ لی
اپوزیشن لیڈر نے نواز شریف کے دور حکومت کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں اربوں کھربوں کے منصوبے لگائے گئے، 12 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی. انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس غریب قوم کے اربوں کھربوں کی نیٹ بچت کی. ان کا کہنا تھا کہ ایک دن قوم کو پتا چلے گا کہ نواز شریف نے کس طرح قوم کی خدمت کی.
