عمران خان کو جیل میں رکھناپی ٹی آئی قیادت کی سازش ہے،فواد چودھری

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت عمران خان کو جیل میں رکھنے کی سازش کررہی ہے۔

سابق پی ٹی آئی رہنمااور سابق وزیر فوادچودھری نےپی ٹی آئی کی رکنیت ختم کرنے کے ردعمل میں ایکس پوسٹ میں لکھا کہ تحریکانصاف کی نومولود قیادت عمران خان کو جیل میں رکھنے  کیلئےمائنس عمران فارمولا چلا رہی ہے اس کی تبدیلی ناگزیر ہے۔

فواد چودھری نے لکھا کہ عمران خان کےسوشل میڈیا اکاؤنٹ سے کوئی مسئلہ ہے نہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار پر تنقید کرنے سے کوئی مسئلہ ہے۔ مسئلہ شہیدوں کا مذاق اڑانے اور پاکستان پر پابندیاں لگانے کی کمپین سے ہے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ یہ تمام لوگ تحریک انصاف کی اس مخصوص لابی سے تعلق رکھتے ہیں جو عمران خان کو جیل میں قید رکھ کر سیاست اور پیسے میں کھیل رہے ہیں۔ تحریک انصاف کو ان کے اثر سے باہر آنا ہوگا اور عمران خان کی رہائی تب ہی ممکن ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اوورسیز اور پاکستان سےآپریٹ ہونیوالےوہ اکاؤنٹ جو علیحدگی پسند اور پاکستان دشمن لوگ چلا رہے ہیں ان سے قطع تعلق لازم ہے۔ یہ جدوجہد اب اگلے مرحلے میں داخل ہوگی اور عمران خان سے اگلی ملاقات میں کمپرومائزڈ قیادت کی تبدیلی کا مطالبہ کروں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےکہا تھا کہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے فواد چوہدری سےاعلانیہ لاتعلقی کا اظہار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا تھا کہ فواد چوہدری اپنی رائے پی ٹی آئی کے مؤقف کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں۔ پارٹی فواد چوہدری سے مکمل طور پر لا تعلقی کا اعلان کرتی ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، وہ میڈیا، سوشل میڈیا، ٹی وی پر پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔

Back to top button