خالدہ ضیا کے بیٹے کی بنگلہ دیشی سیاست میں 17سال بعد انٹری

سابق بنگلادیشی وزیرِاعظم خالدہ ضیا کے صاحبزادے، بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے قائم مقام چیئرمین اور اہم سیاسی رہنما طارق رحمان 17 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
طارق رحمان کی واپسی پر ہزاروں لوگ ڈھاکا کی سڑکوں پر ان کے استقبال کیلئے جمع ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق طارق رحمان کی واپسی کو فروری 2026 میں متوقع عام انتخابات سے قبل ملکی سیاست کا ایک بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ طارق رحمان 2008 میں 18 ماہ قید کے بعد علاج اور دیگر وجوہات کی بنا پر برطانیہ چلے گئے تھے۔
طارق رحمان کو اپنی والدہ، 80 سالہ خالدہ ضیا کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے، جو شدید علالت کے باعث طویل عرصے سے ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
خالدہ ضیا نے نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ 12 فروری 2026 کے عام انتخابات میں انتخابی مہم چلائیں گی، تاہم اس کے فوراً بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ آئی سی یو میں منتقل ہو گئیں۔
