خاران،بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے حملے ناکام، 12 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع خاران میں کارروائی کے دوران 3 مختلف مقامات پر بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 15 جنوری 2026 کو بلوچستان کے ضلع خاران میں قریباً 15 سے 20 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے متعدد دہشتگردانہ کارروائیاں کیں۔
دہشتگردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملے کیے، جن کے دوران بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹے گئے۔
فورسز نے فوری ردعمل دکھایا اور دہشتگردوں سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ پسپا ہو گئے۔ بعد ازاں کارروائی کے دوران 3 مختلف مقامات پر 12 دہشتگرد مارے گئے۔ دہشتگردوں کا پولیس اسٹیشن میں یرغمالی صورتحال پیدا کرنے کا منصوبہ بھی ناکام بنادیا گیا۔
آس پاس کے علاقوں میں صفائی اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے ’عزم استحکام‘ کے وژن کے تحت جاری انسداد دہشتگردی مہم کو مکمل رفتار سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
