ایران پر جنگ مسلط کرنے کا اصل مقصد اسرائیلی اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحدوں تک پہنچانا ہے، خواجہ آصف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے صیہونیت کو انسانیت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر جنگ مسلط کی گئی ہے اور اس کے پیچھے اصل ایجنڈا اسرائیلی اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحدوں تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے قیام کے بعد سے اسلامی دنیا کو درپیش ہر بڑی آزمائش کے پیچھے صیہونی نظریہ کارفرما رہا ہے۔ ان کے بقول صیہونیت گزشتہ ایک صدی سے عالمی معاشی نظام پر اثرانداز ہے اور بڑی طاقتیں بھی اس کے زیر اثر دکھائی دیتی ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان نے واضح کر دیا تھا کہ وہ ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت رکھتا ہے۔

امریکہ اور ایران کی جنگ میں پاکستان بال بال کیسے بچا؟

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایران پر جاری جنگ دراصل ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہو سکتی ہے، جس کا مقصد خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنا ہے۔ ان کے مطابق افغانستان، اسرائیل اور بھارت کے مفادات کسی حد تک پاکستان دشمن ایجنڈے میں یکجا ہو سکتے ہیں، لہٰذا قوم کو ممکنہ سازشوں کو سمجھنا ہوگا۔

انہوں نے اسلامی دنیا میں اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ فلسطین آزاد ہو اور پاکستان ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رہے۔

Back to top button