خواجہ آصف کا دہشت گردوں کے تعاقب میں افغانستان میں کارروائی کا عندیہ

وزیر دفاع خواجہ آصف کا دہشت گردوں کے تعاقب میں افغانستان میں کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ جو ہمارے وجود کا دشمن ہوگا، اس کے پیچھے ہمیں کسی بھی ملک جانا پڑے،ہم جائیں گے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغان حکومت ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی سرپرستی کررہی ہے۔جو ہمارے وجود کا دشمن ہوگا،اس کے پیچھے ہمیں کسی بھی ملک جانا پڑے،تو ہم جائیں گے۔

مرکزی رہنما مسلم لیگ ن نے الزام لگایا کہ عمران خان کے دور میں ٹی ٹی پی کو واپس اس لیے لایا گیا تاکہ ایک نجی ملیشیا قائم کی جاسکے،نیشنل ایکشن پلان پہلے سے موجود ہے،اسے صرف بحال کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کےلیے حکومت آپریشن کا فیصلہ کرچکی ہے۔جنگ ان کی دہلیز پر لے جائیں گے جو پاکستان میں بچوں کو شہید کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے، سکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے بچوں کی حفاظت کےلیے شہید ہو رہے ہیں۔ ٹارگٹڈ آپریشن ہو یا جنگ دہشت گردوں کے خاتمے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

ٹارگٹڈ آپریشن ہو یا جنگ دہشت گردوں کے خاتمے کا فیصلہ ہوچکا ہے : مصدق ملک

یاد رہے کہ منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے خوارج اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنےکا فیصلہ کیاہے۔

 قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے اور لاجسٹک سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہےاور اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ دہشت گردی کو اس کی ہر شکل میں ختم کرنا ہوگا۔

Back to top button