پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام،15 سے زائد خوارج ہلاک

پاکستان میں دراندازی کی کوشش سکیورٹی فورسز نےناکام بنادی،15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان ہلاک وزخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق 27, 28 دسمبر کی شب فتنۃ الخوارج کے 20سے25 دہشت گردوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں 2مقامات سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے  بروقت کارروائی کر کے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

علی الصبح خوارج نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے  پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی اور ناکام ہونے پر 28 دسمبر کی علی الصبح خوارج اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی پوسٹوں پربِلااشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپوراورمنہ توڑ جواب دیا۔

ذرائع کے مطابق افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات کی ابتدائی اطلاعات ملی ہیں۔ مؤثر جوابی فائر سے 15 سے زائد خوارج اور افغان طالبان کےہلاک ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

 موثر جوابی کارروائی اور گولہ باری سے افغان طالبان 6 پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے۔ افغان سائڈ پر نقصانات  مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان  نہ ہونےاورصرف 3 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نےبارہا عبوری افغان حکومت سےفتنۃ الخوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین استعمال نہ کرنےکا کہا ہے۔جس پر بجائےفتنۃ الخوارج کو کنٹرول کرنے کےاوران دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کرنےکے،افغان طالبان فتنۃ الخوارج کی مسلسل معاونت کر رہے ہیں۔

فتنۃ الخوارج افغانستان میں پوری آزادی کےساتھ موجود ہیں اورپاکستان مخالف دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئےافغان سر زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان سکیورٹی فورسز کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Back to top button