خیبرپختونخوا : مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے  32 افراد جاں بحق

کرم ایجنسی میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خواتین سمیت 32افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑیاں قافلے کی صورت میں لوئر کرم سے پارا چنار جارہی تھیں۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او کرم اور ڈپٹی کمشنر سمیت پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پاراچنار سے پشاور جانے والے قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرم میں جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہوگئی، 13 جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے، جبکہ 20جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جس میں 14 مرد اور 6 خواتین شامل ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ علاقے اوچت میں میں پیش آیا، فائرنگ کا سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد مسلح تھے، گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

خیال رہے مسافر گاڑیاں سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں پاراچنار سے پشاور چلتی ہیں۔ اس سے قبل بھی 12 اکتوبر کو بھی قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، 12 اکتوبر کے بعد 22روز کے لیے مین روٹ بند رہا۔  22دن بعد کانوائے کے متبادل راستے کے ذریعے اجازت مل گئی تھی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت جاں بحق افراد کی میتیں علی زئی پہنچادی گئی ہیں۔ مزید زخمی مندوری اسپتال لائے گئے ہیں۔ تاہم ریسکیو کا عمل جاری ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ہے۔

Back to top button