خیبرپختونخوا اسمبلی میں ن لیگ کو 1اضافی نشست مل گئی

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق ن لیگ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایک اضافی نشست دیدی۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست منظور کر لی گئی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک اقلیتی نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان ٹاس کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کو 9، پیپلز پارٹی کو 5، جب کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (پی ٹی آئی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو ایک، ایک اضافی نشست ملی ہے۔
مزید برآں، مسلم لیگ (ن) کو خواتین کی ایک مخصوص نشست بھی دی گئی ہے، جبکہ خواتین کی ایک نشست کے لیے اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے درمیان ٹاس ہوگا۔
یہ فیصلہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں پانچ سیاسی جماعتوں اور 21 امیدواروں نے اپنے دلائل پیش کیے۔
سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور پی ٹی آئی پی نے مخصوص نشستوں کی گنتی، نوٹیفکیشن کی تاریخ، اور پارٹی میں شمولیت کی مدت جیسے نکات پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
