خیبرپختونخوا : اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو طلب، مخصوص نشستوں پر حلف برداری متوقع

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو صبح 9 بجے طلب کرلیا گیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق، یہ اجلاس صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کےلیے بلایا گیا ہے۔ گورنر سیکریٹریٹ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو سپریم کورٹ کے احکامات اور الیکشن کمیشن کے مراسلے کی روشنی میں اجلاس کی سمری بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ 15 جولائی کو الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق دائر درخواست کو منظور کر لیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 9، پیپلز پارٹی کو 5، جب کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک، ایک اضافی مخصوص نشست الاٹ کی گئی ہے۔

فیصلے میں کہا گیاکہ خواتین کےلیے مخصوص نشست مسلم لیگ (ن) کو دی گئی ہے، جب کہ ایک اقلیتی نشست پر ن لیگ اور جے یو آئی (ف) کے درمیان ٹاس ہوگا۔ اسی طرح خواتین کی ایک مخصوص نشست کےلیے اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے درمیان بھی ٹاس کیا جائےگا۔

خیبرپختونخوا : حکومت اور اپوزیشن میں سینیٹ انتخابات بلا مقابلہ کرانے پر پیش رفت

خیال رہے کہ 14 جولائی کو الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس میں فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں پانچ سیاسی جماعتوں اور 21 امیدواروں نے اپنے دلائل پیش کیے۔

Back to top button