وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں : عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو لاہور آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پچھلی بار علی امین گنڈاپور لاہور آئے تھے تو لاہور کی بتیاں دکھائی تھیں،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی بتیاں دیکھیں،روٹی کھائیں اور تصویریں کھینچیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی جو کچھ پنجاب میں دیکھیں اسے خیبرپختونخوا میں جاکر لاگو کریں، یہ پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں،ہم مہمانوں کی اچھی خاطر تواضع کریں گے لیکن مہمان بھی مہمان بنیں۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہاکہ یہ سیاسی تفریح کریں یا معلوماتی تفریح کریں ان کو مکمل اجازت ہوگی تاہم انہیں بدزبانی،فساد کرنے یا انتشار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،پنجاب یا لاہور میں کسی سیاسی سرگرمی کی آڑ میں اسلحہ اور منشیات لانے کی اجازت نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ علی امین گنڈاپور جب پنجاب آئے تھے تو انہیں ہر طرح کی سہولت دی تھی،لاہور پولیس نے آج وزیراعلی سہیل آفریدی کے سٹاف سے خود رابطہ کیا تو کوئی جواب نہیں دیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لاہور پہنچ گئے
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لاہور پہنچ گئے جہاں وہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔
