خیبرپختونخواحکومت کا”ستھراپنجاب“ماڈل اپنانےکی خواہش کااظہار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پنجاب حکومت سے ستھرا پنجاب منصوبے کا ماڈل مانگا ہے، جو ہم نے اسے دے بھی دیا ہے۔
راجن پور میں الیکٹرک بسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا ترجمان کہہ رہا ہے کہ ایک وزیراعلیٰ اڈیالہ کے باہر بیٹھا رہتا ہے اور ایک وزیراعلیٰ جہاز لے کر گھومتی پھرتی ہے، میں ان سے کہتی ہوں کہ وہ بھی جہاز لے لیں، مگر وہ جہاز لے کر جائیں گے کہاں۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ جہاز لے کر ملک میں کسی منصوبے کا افتتاح کرنے کے لیے گھومتی ہیں، میں تو آج بھی جہاز لے کر راجن پور میں بسز کا افتتاح کرنے آئی ہوں۔ آپ جہاز لے کر کیا اڈیالہ جاؤ گے، اڈیالہ میں جہاز لینڈ نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ترجمان کے پی کے نے سوال اٹھایا کہ میں برازیل جہاز لے کر چلی گئی، میں برازیل جہاز لے کر گئی تو ستھرا پنجاب کا ماڈل برازیل میں پوری دنیا کے سامنے پیش کیا، یہ پروجیکٹ دنیا کا سب سے بڑا سرکاری ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے، جس کا ماڈل ہم سے خیبرپختونخوا حکومت نے بھی مانگا، ہم نے اسے دے بھی دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انکشاف کیا کہ برمنگھم کے لوگوں نے بھی حکومت پنجاب سے ستھرا پنجاب کا ماڈل مانگا، بی بی سی سمیت تمام پبلشرز اور انٹرنیشنل آرگنائزیشنز نے نہ صرف ستھرا پنجاب کو تسلیم کیا بلکہ اس کی تعریف کی۔
انہوں نے ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کو پیغام دیا کہ اگر وہ بیرون ملک جہاز لے کر جائیں گے تو آپ جا کر کیا بتاؤ گے؟ ایک بھی کام نہیں جو دنیا کو بتا سکو، کیا یہ بتاؤ گے کہ ہم نے شعور دیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ایک بچی نے سہیل آفریدی سے سوال کیا کہ آپ نے ہمارے لیے کیا کیا؟ تو انہوں نے جواب میں کہا کہ لگتا ہے آپ کا تعلق اپوزیشن کی جماعت سے ہے۔
