اسلام آباد پولیس نے خیبرپختونخوا ہاؤس کو کتنے کروڑ کا نقصان پہنچایا؟

گزشتہ برس 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پولیس کی کارروائی کے دوران ہونے والے نقصانات کی خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ کےمطابق نقصانات کا تخمینہ 3 کروڑ روپے سے زائد کا لگایا گیاہے۔
رپورٹ کےمطابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے گمشدہ سامان کا تخمینہ 35 لاکھ روپے ہےجس میں 25 لاکھ روپے مالیت کی ایم فور رائفل،ڈیڑھ لاکھ روپےکی بلٹ پروف جیکٹ، 6 لاکھ کا آئی فون، 4 لاکھ روپے کی 3 عینکیں بھی شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سے 40 لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ،گاڑیوں کا نقصان،موبائل اور نقدی غائب ہونےکی مالیت 20 لاکھ اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کو ہونےوالے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ روپے لگایا گیاہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا ہاؤس سے 45 لاکھ روپے مالیت کےگیس ماسک،موبائل فونز بھی غائب ہوئے۔
اسی طرح قیمتی آلات،سی سی ٹی وی کیمرے،ڈی وی آر،لیپ ٹاپ اور کمیپوٹر کو ہونےوالے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ 50 ہزار، عمارت کو پہنچنےوالے نقصان کا تخمینہ 9 لاکھ روپے جب کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں موجود مہمانوں کی نقدی، موبائل فونز،عینکیں اور دیگر گمشدہ سامان کا تخمینہ 20 لاکھ روپے لگایا گیاہے۔
رپورٹ کےمطابق خیبرپختونخوا ہاؤس سے وزیر اعلیٰ کے اسٹاف کا جو سامان گمشدگی میں ڈالا گیاہے اس میں ایک موبائل فون کی قیمت 60 ہزار 5سو،ایک ماسک کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپےلگائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ کی 2 وی ایٹ گاڑیوں کو 15 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان پہنچاہے۔کے پی ہاؤس میں سی ایم کے کمروں کے دروازوں،شیشوں اور فیملی روم کو بھی نقصان پہنچایا گیاہے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس: فیصلے کی تاریخ پھر تبدیل اب فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا
یاد رہے کہ 5 اکتوبر 2024ء کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا ہاؤس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس نے کارروائی کی،جس پر وہاں ہونےوالی توڑ پھوڑ کے اور نقصان کا اندازہ لگانے کےلیے خیبرپختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔منیر حسین لغمانی کی سربراہی میں 12 رکنی کمیٹی نے تحقیقات کیں،تحقیقاتی رپورٹ آج اسمبلی میں پیش کی جائےگی
