خیبرپختونخواکےبلدیاتی نمائندےفنڈزنہ ملنےپرسڑکوں پرنکل آئے

فنڈزدویاپھرنظام ہی ختم کردو، خیبرپختونخواکےبلدیاتی نمائندےفنڈزنہ ملنےپرسڑکوں پرنکل آئے۔
خیبر پختونخوا کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نےخیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے مصروف ترین خیبر روڈ کو بند کرکے احتجاج کیا اور بلدیاتی حکومت کو فنڈز اور اختیارات دینے کا مطالبہ کیا۔
خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے منتخب بلدیاتی نمائندے ملک فیصل کاکہنا تھا کہ 4سالوں سےمسلسل احتجاج کررہے ہیں، خیبر پختونخوا اسمبلی اور اڈیالہ جیل کے سامنے بھی احتجاج کیا، لیکن ابھی تک ایک روپے کا فنڈ بھی نہیں ملا۔
مالک فیصل نے کہاکہ ان کی درخواست ہے کہ ایک آئینی ترمیم کے ذریعے بلدیاتی نظام کو ہی ختم کردیا جائے۔
مردان کے میئر حمایت اللہ مایار احتجاجی مظاہرے کی سربراہی کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 سالوں سے منتخب نمائندے مسلسل اختیارات کے لیے سڑکوں پر ہیں، جو صوبائی حکومت نہیں دے رہی۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں سے اختیارات واپس لیے گئے اور انہیں فنڈز سے محروم رکھا گیا۔ ’بلدیاتی نمائندوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، اختیارات واپس لے لیے گئے۔
حمایت اللہ مایار نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کے 4 سال ضائع کردیے گئے اور وعدوں کے باوجود فنڈز اور اختیارات نہیں دیے گئے۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت وفاق سے بقایاجات کا مطالبہ کررہی ہے لیکن خود بلدیاتی حکومت کی مقروض ہے اور جائز حق اور فنڈز نہیں دے رہی۔
