خیبرپختونخوا : اقلیتی نشست کے معاملہ پر ن لیگ جے یو آئی کے حق میں دستبردار

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتی نشست کے معاملے پر ٹاس کی جگہ افہام و تفہیم سے فیصلہ ہوگیا۔ مسلم لیگ ن نے جے یو آئی ف کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن کے دفتر میں دونوں جماعتوں کے مابین ٹاس کی نوبت نہیں آئی اور معاملہ خوش اسلوبی سے طے پاگیا۔ جے یوآئی ف کے گُرپال سنگھ اقلیتی نشست پر بلامقابلہ رکن خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف، جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دونوں پارٹیوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن ٹاس سے دستبردار ہوگئی اور نشست جے یو آئی کو مل گئی۔
رہنما مسلم لیگ ن امیر مقام کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی بڑی پارٹی ہوتے ہوئے بلا مقابلہ انتخابات کےلیے قربانی دے رہی ہے،قربانی کا مقصد یہ ہےکہ خیبرپختونخوا میں خرید وفروخت کا الزام ختم ہوجائے۔
مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کاکہنا تھاکہ پارٹی کے بڑوں نے بات چیت کی،فیصلہ ہوا مسلم لیگ ن اقلیت کی نشست سے دستبردار ہوگئی،ہم چاہتے ہیں مشاورت سے سینیٹ کی سیٹیں ملیں، 6 نشستیں حکومت اور 5 اپوزیشن کو ملیں،اس پر بات ہورہی ہے،اگر مشاورت سے بات نہیں بنتی تو اپوزیشن پھر مل کر سینٹ الیکشن لڑےگی۔
