خیبر پختونخوا:ضمنی بلدیاتی اور سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے ضمنی بلدیاتی انتخابات اور سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے شیڈول جاری کر دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے کے 9 اضلاع کی 14 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 19 اکتوبر کو ہوں گے۔ ان اضلاع میں پشاور، چارسدہ، شانگلہ، لوئر دیر، مالاکنڈ، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ شامل ہیں۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، جبکہ ریٹرننگ افسران 22 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی ایک جنرل نشست کے لیے بھی انتخابی شیڈول جاری کیا ہے، یہ نشست سینیٹر شبلی فراز کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

سینیٹ کا انتخاب 30 اکتوبر کو ہوگا، اور اس کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

کاغذاتِ نامزدگی 8 اور 9 اکتوبر کو جمع کروائے جا سکیں گے، ابتدائی فہرست 10 اکتوبر کو شائع ہوگی، اور جانچ پڑتال 13 اکتوبر تک مکمل کی جائے گی۔

امیدواروں کی اپیلیں 15 اکتوبر تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ نظرثانی شدہ فہرست 18 اکتوبر کو جاری ہوگی۔ امیدواروں کو 20 اکتوبر تک کاغذات واپس لینے کی اجازت ہوگی۔

Back to top button