خیبرپختونخوا : سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 23 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 23 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنےوالے 23 خوارج خیبرپختونخوا میں 2 الگ الگ جھڑپوں میں ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو کارروائیاں کیں۔باجوڑ میں کارروائی کے نتیجے میں 11خوارج ہلاک کیےگئے، ہلاک خوارج میں ان کا سرغنہ سجاد عرف ابوذر بھی شامل تھا۔ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانےکو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں میں خفیہ اطلاعات پر دوسرا آپریشن کیا،کارروائی میں 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کےلیے آپریشنز جاری ہیں۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے ادارے انسداد دہشت گردی آپریشن جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق 18 نومبر کی صبح خوارج نے بنوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔ فتنۃ الخوارج کا ایک دہشت گرد آئی ای ڈی نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ یہ واقعہ خوارج کی بڑھتی ہوئی بےبسی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، خوارج آسان ہدف کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔
