خیبرپختونخوا،سینیٹ انتخابات،اپوزیشن کےمشترکہ امیدوارلانے کیلئے رابطے

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ امیدوار لانے اور انہیں کامیابی دلانے کے لیے رابطے تیز کر دیے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نوشہرہ میں وزیراعظم کے مشیر اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی شریک تھے۔

تینوں رہنماؤں نے صوبے کی سیاسی صورتحال، ضم شدہ اضلاع کے موجودہ مسائل، اور سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران ضم شدہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورت حال اور وہاں کی عوام کی تشویش پر بھی گفتگو ہوئی، جسے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے تناظر میں دیکھا گیا۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان اور فیصل کریم کنڈی نے پرویز خٹک کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر امیر مقام اور گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان بھی سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ملاقات ہو چکی ہے، جس میں اپوزیشن جماعتوں کے آزاد ارکان سے رابطوں کے طریقہ کار پر مشاورت کی گئی۔

Back to top button