خیبرپختونخوا : سکیورٹی فورسز کا ٹارگٹڈ آپریشن ، 23 خوارج ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کے ٹارگٹڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور خوارج کی پوزیشن کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 23 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع کرم میں ایک کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ خفیہ اطلاع پر دوسری کارروائی میں 11 خوارج ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ہلاک دہشت گرد بھارت کی سرپرستی اور مالی معاونت سے دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ یہ گروہ غیرملکی ایجنسیوں کی مدد سے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
